علی ساحی : پنجاب کی جیلوں میں محرم الحرام کی آمد کے موقع پر سکیورٹی اور مجالس کے انتظامات مکمل ہوگئے،جیلوں میں مجالس و نوحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے، ساتھ ہی 12 محرم تک تمام افسران و اہلکار کی چھٹیاں بند کردی گئیں ہیں۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام سپر نٹنڈنٹ، ڈپٹی سپر نٹنڈنٹ، میڈیکل آفیسر ، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر جیل آفیسر ان کی 28 ذو الحجہ سے 12 محرم الحرام ہفتہ وار تعطیل بند ہے۔تمام جیلوں کے افسران و اہلکار صبح سے شام تک اپنے دفاتر اور جیل حدود میں موجود رہیں گے۔اس عرصہ کے دوران تمام جیلوں کے افسرا ن و اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں ہیں۔ اہل تشیع اسیر ان کی مجالس کے انعقاد کیلئے ایسے تمام اسیر ان کو مناسب طور پر علیحد و بارکوں میں رکھا جائے گا۔اہل تشیع اسیر ان کی مجالس کیلئے نوحہ خواں اور ذاکر وغیرہ کا انتظام جیل کے اندر سے کیا جائے گا۔ جیل آفیسران و ملازمین کو باقاعدہ طور پر ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ تحمل مزاجی اور بردباری سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں۔ ایک آفیسر ہمہ وقت اہل تشیع اسیران کی مجلس کی جگہ پر موجود رہے گا، اوروائرلیس کے ذریعے انتظامیہ جیل سے رابطہ میں رہے گا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ ایمر جنسی یا نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جیل آفیسران و ملازمین پر مشتمل ریز رو فورس تشکیل دی جائے گی۔ 12 محرم الحرام تک ہفتہ وار تعطیل صبح سے شام تک الرٹ رکھی جائے گی۔ ریز رو فورس کی ہر ٹیم کم از کم 14 جوانوں اور ایک آفیسر پر مشتمل ہو گی ۔ سپرنٹنڈنٹ جیل مقامی ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ، پنجاب ایمر جنسی سروس (1122) ، فائر بریگیڈ، بجلی، گیس و ٹیلیفون کے محکمہ جات کے مقامی آفیسران، ضلعی انتظامیہ ، مقامی ہسپتال کی انتظامیہ اور اپنے ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہیں گے ۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں انہیں فوری طور پر بذریعہ ٹیلی فون، WhatsApp ، اور خصوصی پیغام رساں آگاہ کریں گے اور صورتحال سے نمٹنے کیلئے مناسب اقدامات کریں گے ۔ میڈیکل آفیسر جیل اور پیرامیڈیکل سٹاف اہل تشیع اسیر ان کی مجالس کیلئے میڈیکل سہولیات کا مناسب بندوبست رکھیں گے ۔ ہر قسم کے سامان کو سکینگ مشین کے ذریعے چیک کرنے کے بعد جیل کے اندر بھیجا جائے گا۔ سکینگ مشین کی عدم موجودگی یا خرابی کی صورت میںسپر نٹنڈنٹ جیل سامان کی چیکنگ و تلاشی کا مناسب متبادل بند و بست کریں گے ۔