پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان

6 Jul, 2024 | 01:11 PM

Ansa Awais

سٹی42 : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

 چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ ملتوی کر رہے ہیں، یوم عاشور کے بعد جلسہ ہوگا،ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ قانون کا سہارا لیا ہے، ہم نے قانون کا سہارا لیتے ہوئے آج ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی، ہم نے اعلان کیا تھا کہ قانون کے مطابق جلسہ کریں گے، ہمارے ورکرز جلسے کیلئے پر امید تھے، ہم نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا، ہمارا جلسہ قانون کی سربلندی کیلئے تھا۔

 بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر کوئی سیاسی عمل مکمل نہیں ہوسکتا، ہم نے سیاسی کمیٹی میں آج کا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

 قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جلسے کا نوٹیفیکشن معطل کر دیا گیا ہے جو افسوس ناک ہے،ڈی سی اسلام آباد بتا دیں کس کے اشارے پر چل رہے ہیں؟ ڈی سی اسلام آباد اس فارم 47 حکومت کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں،آج ہماری سیاسی کمیٹی کی میٹنگ ہے ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے، ہم ایک بات بتا رہے ہیں کہ ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔

 دوسری جانب عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آج کے جلسے میں  اسلام انتظامیہ نے اجازت دے رکھی تھی لیکن رات پولیس آئی اور وہ ایریا سیل کر دیا ،ڈی سی اسلام آباد نے پہلے آرڈر سائن کئے ہوئے تھے ،کیا آپ نے کوئی نشہ کیا ہوا تھا بھنگ پی ہوئی تھی جب آپ نے اجازت دی؟

 عدالت کے احکامات کے باوجود رات گئے جلسے سے سامان اٹھایا،خود ہی ترنول کی جگہ ہمیں جلسہ کیلئے دیا تھا،پی ٹی آئی کارکنوں کی ڈر سے این او سی معطل کیا،ہم پوچھیں گے ویگو ڈالے کا بجٹ کتنا ہے اور سکولوں کا کتنا ہے،اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کو اٹھایا گیا،رضوان احمد کو اٹھانے کیلئے ویگو ڈالے کا استعمال کیا گیا۔

 علاوہ ازیں شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس پچھلے چار ماہ سے عدالت میں ہے، انتظامیہ نے پہلے روات میں اجازت دی بعد میں رٹ پٹیشن فائل کی تو ترنول میں اجازت ملی،جلسہ کرنا ہمارا بنیادی حق ہے اور ہم کریں گے، 26 جون کو ڈی سی نے ترنول میں جلسے کرنے کی اجازت دی، 26 جون سے 4 جولائی تک ہم نے کئی مرتبہ رابطہ کیا، لیکن ہمیں جواب نہیں دیا گیا۔

 شعیب شاہین نے مزید کہا کہ کل جلسے والی جگہ پر لوگوں کی کافی تعداد جمع ہوئی وہاں جلسے کا سماں تھا،عامر مغل کو ضلعی انتظامیہ نے بلا کر گرفتار کر لیا،کل جلسے والی جگہ پر سے ہمارے 5 ورکر کو اٹھا لیا گیا، کل انہوں نے اچانک جلسے کے نوٹیفیکیشن کو معطل کر دیا ہے۔
 

مزیدخبریں