(ویب ڈیسک)پی ٹی آئی اے کا ترنول میں جلسہ کا معاملہ ، جلسہ گاہ میں پولیس پہنچ گئی کنٹرول سنبھال لیا ،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا آج جو جلسہ ہونے والا ہے اس کے لئے چار مہینے پہلے ہم نے رٹ پٹیشن فائل کی،ہم نے سیاسی کمیٹی میں فیصلہ کیا ہے آج جلسہ ملتوی کررہے ہیں، عمر ایوب نے کہا رات پولیس آئی اور وہ ایریا سیل کر دیا ۔
تفصیلات کےمطابق چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نےاسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج جو جلسہ ہونے والا ہے اس کے لئے چار مہینے پہلے ہم نے رٹ پٹیشن فائل کی، 4 رٹ پٹیشنز کے بعد عدالت کے آرڈر کے بعد ڈی سی نے جلسے کا نوٹی فکیشن دیا، جو نوٹی فکیشن ہائیکورٹ کی ڈائریکشن پر ہوا ہو کمشنر کے پاس اختیار نہیں کہ اسے معطل کرے،جس لیٹر کو بنیاد بنا کر انہوں نے نوٹی فکیشن معطل کیا ان کو چائیے تھا وہ لیٹر ہائیکورٹ میں پیش کرتے۔
آج جلسے کے لئے پورا ملک اور ہمارے ورکر بے تاب ہیں،ہم ہائیکورٹ اس لئے آئے ہیں کہ ہم آئین اور قانون کے مطابق جلسہ کریں،آئین اور قانون کی بالا دستی کے لئے ہم سب کوشش کر رہے ہیں،جج صاحبان کی عدم موجودگی کی وجہ سے درخواست پر آج سماعت نہیں ہو سکی، اب ہم نے اپنی سیاسی کمیٹی کی میٹنگ کرنی ہے اور ہم اس کے بعد ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے،ہم نے ہمیشہ قانو ن کا سہارا لیا ہے ،ہم نے قانون کا سہارا لیتے ہوئے آج ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہم نے اعلان کیا تھا کہ قانون کے مطابق جلسہ کریں گے،ہمارے ورکرز جلسے کے لئےپرامید تھے،ہم نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا ،بانی چیئرمین کے بغیر کوئی سیاسی عمل مکمل نہیں ہوسکتا،ہم نے سیاسی کمیٹی میں فیصلہ کیا ہے آج جلسہ ملتوی کررہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرعمر ایوب کا کہنا تھا کہ آج کے جلسے میں اسلام انتظامیہ نے اجازت دے رکھی تھی ،لیکن رات پولیس آئی اور وہ ایریا سیل کر دیا ،ڈی سی اسلام آباد نے پہلے آرڈر سائن کیے ہوئے تھے ،کیا آپ نے کوئی نشہ کیا ہوا تھا بھنگ پی ہوئی تھی جب آپ نے اجازت دی؟
ڈی سی اسلام آباد بتا دیں کس کے اشارے پر چل رہے ہیں؟ڈی سی اسلام آباد اس فارم 47 حکومت کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں،آج ہماری سیاسی کمیٹی کی میٹنگ ہے ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے،ہم ایک بات بتا رہے ہیں کہ ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔