سٹی42: غزہ جنگ بندی معاہدے کے لئے دوحہ میں مجوزہ مذاکرات کے آغاز میں تاخیر ہو رہی ہے اور اس دوران اسرائیل کی فوج کے غزہ میں حملوں میں غیر متوقع شدت آ گئی ہے۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 50 مقامات پر بمباری سے متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ کے علاقے شجاعیہ میں کئی روز سے جاری فوجی آپریشن میں فلسطینی ذرائع کے مطابق اب تک 100 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
قطر کے دارالھکومت دوحہ، مصر کے دارالھکومت قاہرہ اور امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں غزہ جنگ بندی کے لئے شٹل کاک رابطہ کاری جاری ہے لیکن دوسری طرف غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی گروپوں کی جانب سے جنگی سرگرمیوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق حالیہ 24 گھنٹوں کے دوران مارٹر گولوں، راکٹوں سے حملوں میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔ اسرائیلی ہیلی کاپٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے مغربی کنارے کے جنین کیمپ میں ایک کارروائی کے دوران 7 فلسطینی شہید کردئیے۔
اسرائیل کی لبنان میں حزب اللہ سے بھی جھڑپیں جاری ہیں۔ حزب اللہ نے 17 راکٹ حملوں میں اسرائیلی عمارتوں اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
اس دوران ہی حماس کے لیڈروں نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں بین الاقوامی فوج کی تعیناتی کےکسی بھی ممکنہ منصوبےکو مسترد کر دیں گے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی ایجنسی موساد کے سربراہ کی سربراہی میں دوحہ جانے والا وفد قطر کی حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد واپس تل ابیب آگیا۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ فریقین میں اختلافات برقرار ہیں، اسرائیلی وفد اگلے ہفتے دوبارہ بات چیت کے لیے قطر جائےگا۔
(اوپر تصویر میں) غزہ کے جنوبی قصبہ خان یونس میں مچھروں کی بہتات کے سبب فلسطینی نوجوان ایک جوہڑ کے قریب کوڑے کرکٹ کو آگ لگا کر جا رہے ہیں تاکہ دھویں سے مچھروں کی آمد میں کمی ہو سکے۔