فتح گڑھ مین بازار کھلی سیوریج لائن بن گیا، گلیوں میں غلیظ پانی نے جینا حرام کر دیا

6 Jul, 2024 | 04:08 AM

اقصیٰ سجاد: مین بازارفتح گڑھ کاعلاقہ  بھی لاہور کے درجنوں دوسری آبادیوں کی طرح سیوریج سسٹم کے انہدام سے پیدا ہونے والے پیچیدہ مسائل سے دوچار ہے۔ 
علاقہ مکین واسا حکام کی نا اہلی کی سزائیں بھگت بھگت کر نڈھال ہو گئے۔ گلیوں میں ہر وقت سیوریج کا غلیظ پانی جمع رہتا ہے۔ بچوں کے لئے سکول جانا اور  نمازیوں کیلئے مسجد جا کر نماز پڑھنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

علاقہ میں کئی ماہ  سے  جمع  گٹروں کے پانی سے بدبو پھیی رہتی ہے اور  جراثیموں کی بہتات سے ہر دوسرے گھر میں کوئی نہ کوئی بیمار رہتا ہے۔ 

علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ چار سال سے سیوریج کے  پانی کے مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں۔  واسا حکام بار بار شکایات کرنے کے باوجود اس آبادی میں سیوریج لائنوں کی خرابیاں دور کرنے کی کوشش تک نہیں کرتے۔

المیہ کا ایک پہلو یہ ہے کہ واسا اس آبادی کے مکینوں سے بھی اپنے واجبات باقاعدگی سے وصول کرنا نہیں بھولتا لیکن شکایات دور کرنا واساحکام کو کبھی یاد نہیں رہتا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے اپیل کی کہ وہ ذاتی سطح پر  فتح گڑھ کے مین بازار کی حالت زار کا نوٹس لیں اور انہیں سیوریج کے پانی کے دیرینہ مسئلہ سے نجات دلوانے کے لئے کچھ کریں۔

مزیدخبریں