بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری سے متعلق بڑی خبر

6 Jul, 2022 | 07:24 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک) وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہاہے کہ کابینہ نے 7 روپے 91 پیسے بجلی کی قیمت بڑھانے کی منظوری نہیں دی،ای سی سی نے تین مراحل میں بجلی کی قیمت بڑھانے کی تجویز دی تھی۔

وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ 100 یونٹ استعمال کرنے والوں کا بل پنجاب حکومت اپنے بجٹ سے دے گی،ان کا کہناتھا کہ عید کی چھٹیوں اور بعد میں لوڈشیڈنگ میں بہتری آئے گی،آنے والے مہینوں میں 5 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کریں گے،تربیلا ڈیم سے 3684 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

  وزیر توانائی نے کہاکہ عید کے بعد سرکاری افسران کا وفد کابل کا دورہ کرے گا،کوئلے سے بھری تین ٹرینیں ساہیوال پہنچ چکی ہیں،افغانستان سے کوئلے کی درآمد کے معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے،گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس کو متبادل ذرائع سے چلایا جا رہا ہے، خرم دستگیر نے کہاکہ ڈیموں میں پانی کی سطح بہتر ہونے سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ افغان حکومت سے توقع ہے ہمارے وفد کو سہولت دی جائے گی،افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کا اہم دروازہ کھلا ہے،ایٹمی بجلی گھر سے مزید 1100 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو گی۔

مزیدخبریں