ویب ڈیسک: باپ اپنے بچوں کے لیے ایک شفقت بھرے سائبان کی مانند ہوتا ہے، لیکن شہر قائد میں ایک باپ کے سر پر جنون سوار ہو گیا تو اپنے 8 سالہ بچے پر وحشیانہ تشدد کرنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پاکستان بازار میں 3 بچوں کے باپ اسماعیل نے نیند خراب کرنے کے جرم میں آٹھ سالہ بیٹے کو جنونیوں کی طرح تشدد کا نشانہ بنا دیا۔افسوس ناک واقعہ اتوار کو صبح نو بجے کے قریب پیش آیا، اسماعیل کی اہلیہ جمیلہ نے واقعے کی موبائل ویڈیو بنا لی، بعد ازاں پاکستان بازار پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروا دی۔
پولیس نے اسماعیل ولد ابراہیم کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔خاتون جمیلہ کی شکایت کے مطابق اورنگی ٹاؤن، غازی آباد سیکٹر کی کچی آبادی کے رہائشی اسماعیل نے صبح کے وقت شور مچا کر نیند میں مخل ہونے پر اپنے آٹھ سالہ بیٹے اسد پر وحشیانہ تشدد کیا۔
کراچی: باپ یا جلاد، بچے پر بدترین تشدد، کراچی کے علاقہ پاکستان بازار میں 3بچوں کے باپ اسماعیل نے 8 سالہ بچے کو جانوروں کی طرح پیٹا۔ مزم تاحال گرفتار نہ ہوسکا pic.twitter.com/RE5e3nq6Hg
— M.Sajid614 (@sajidkhan7014) July 6, 2022
خاتون کا کہنا تھا کہ اسماعیل ان پر بھی تشدد کرتا ہے اور بیٹے اسد سمیت تینوں بچوں کو 11 سال سے روز تشدد کا نشانہ بناتا آ رہا ہے، جمیلہ کے مطابق شوہر نشے کا عادی اور ذہنی طور پر ڈسٹرب ہے۔
ایس پی اورنگی قیس خان کے مطابق شکایت کے بعد جب پولیس گھر پر پہنچی تو ظالم شخص گھر سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ویڈیو میں بچے پر انسانیت سوز تشدد دیکھا جا سکتا ہے، باب اپنے سگے بیٹے اسد کو اٹھا کر پٹختا، گلا دباتا اور تھپڑ مارتا رہا، اس نے آٹھ سالہ بچے کو ہر طریقے سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق 3 جولائی کو شوہر اسماعیل سو رہا تھا کہ اسد کے شور سے اس کی آنکھ کھل گئی، اس کے بعد وہ جنونی ہو کر بے قابو ہو گیا۔