(اسرار خان)سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کے تھانوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری ،رات گئے اچانک تھانہ مغلپورہ پہنچ گئے ،صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا ۔
تھانہ مغلپورہ کے دورے کے دوران سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے حوالات، مال خانہ اور محرر روم کا معائنہ کیا۔ فرنٹ ڈیسک پر موصول شدہ اور زیرالتواء درخواستوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا ۔ اس موقع پر ایس پی سول لائنز رضا صفدر کاظمی بھی سی سی پی او کے ہمراہ تھے۔
سربراہ لاہور پولیس نے درخواستوں پر بروقت کارروائی کرنے پر ایس ایچ او مغلپورہ سعید انور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ غلام محمود ڈوگر نے ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں ، انصاف کے متلاشی شہریوں کی فوری داد رسی کی جائے۔ سی سی پی او نے کہا کہ شہریوں سے ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اختیارات سے تجاوز اور فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کے لئے محکمے میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔