( ملک اشرف ) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ میں منی لانڈنگ کیس کی عبوری ضمانت میں پیشی سے استثنیٰ کیلئے متفرق درخواست دائر کردی۔
جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کل شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سائنسز کو شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا حکم دیا تھا، بد قسمتی سے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سائنسز کی جانب سے شہباز شریف سے رابطہ نہیں کیا گیا۔
عدالتی حکم کے مطابق اور اپنی نیک نیتی ظاہر کرتے ہوئے شہباز شریف نے 2 جولائی کو پرائیویٹ لیبارٹری سے ٹیسٹ کروایا، اللہ کے کرم سے شہباز شریف کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی ہے۔ بزرگی کی عمر کو پہنچنے کے باعث شہباز شریف کورونا حملے کی وجہ تھکان محسوس کر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے شہباز شریف کا دوسراکوروناٹیسٹ کروانے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
شہباز شریف کی موجودہ طبی صورتحال کے باعث انکا عوام الناس میں جانا صحت کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے، شہباز شریف نے دوران حراست اور احتساب عدالت میں پیشی کے دوران نیب حکام سے مکمل تعاون کیا۔ متفرق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ شہباز شریف کی ذاتی حیثیت میں پیشی کو ایک روز کیلئے معاف کیا جائے۔مزید استدعا کی گئی ہے کہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 3 ہفتوں کی توسیع کی جائے۔