24 نیوز کی بندش کیخلاف وکلا سراپا احتجاج

6 Jul, 2020 | 11:03 AM

Azhar Thiraj

( ملک اشرف ) پیمرا کی طرف سے ٹوئنٹی فور نیوز کا لائسنس معطل کرنے کے خلاف پاکستان بار کونسل، لاہور ہائیکورٹ بار سمیت دیگر وکلاء تنظیموں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹونٹی فور نیوز کا لائسنس فی الفور بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

 احاطہ ہائیکورٹ بار میں پاکستان کونسل، لاہور ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں سمیت دیگر  وکلاء تنظیموں کونسل نے پیمرا کی طرف سے یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے ٹوئنٹی فور نیوز کا لائسنس معطل کرنے کی شدید مذمت کی اور لائسینس فورا بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڈ کا کہنا تھا کہ سچ سننا اور بولنا اخلاقی طور پر لازم ہے، بلکہ آئین پاکستان اسے تحفظ دیتا ہے۔ حق سچ بولنے والوں کے ساتھ ہیں ٹوئنٹی فور نیوز کی بندش کی مذمت کرتے ہیں۔

ممبر پاکستان بار احسن بھون نے کہا ٹوئنٹی فور چینل کی بندش آزادی صحافت پر حملہ ہے۔ ٹوئنٹی فور نیوز نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کی بات کی اور عوام کی مسائل کو اجاگر کیا۔ ٹوئنٹی فور نیوز کے لائسنس کو معطل کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔ وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی کا کہنا تھا کہ 24 نیوز کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پیمرا کا لائسنس معطل کرنے کا الزام غیر قانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی خود ہی سب سے بڑی دشمن ہے اور انجام کو پہنچ رہی ہے۔ جب میڈیا پر پابندیاں اور عوام کے بنیادی حقوق پامال کریں گے تو پھر آہستہ آہستہ زوال میں تیزی آئے گی۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار طاہر نصراللہ وڑائچ نے کہا وکلاء ہمیشہ آزادی صحافت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 24 نیوز پر غیر قانونی پابندی لگائی گئی۔ 24 نیوز کی بندش پر احتجاج کر رہے ہیں اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سابق صدر ہائیکورٹ بار شفقت محمود چوہان نے کہا صحیح بات کرنے والوں پر پابندی لگانا خلاف قانون ہے۔ پاکستان ٹیکس بار کے رہنماء محمد محسن ورک نے کہا ٹونٹی فور نیوز کی یکطرفہ بندش کا اقدام آزادی رائے کے خلاف ہے، چینل ٹونٹی فور بحال کیا جائے۔ ممبر پنجاب بار سید فرہاد علی شاہ نے کہا 24 نیوز کی بندش کے خلاف آئین ہے، فوری ٹونٹی فور چینل  بحال کیا جائے۔

 چیئرمین لیگل ایجوکیشن اکیڈمی لاہور ہائیکورٹ بار حسیب اللہ خان  نے کہا اظہار رائے اور  معلومات حاصل کرنا ہر شہری کا حق ہے۔ ٹونٹی فور نیوز اپنی ڈیوٹی ادا کر رہا تھا اس کی بندش ظلم ہے۔ خاور اکرام بھٹی، بریسٹر احمد قیوم، اظہر صدیق ایڈووکیٹ سمیت وکلاء نے ٹوئنٹی فور نیوز کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

پاکستان بار کونسل، پنجاب بار اور لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلاء رہنماؤں سمیت دیگر وکلاء تنظیموں نے پیمرا کی کارروائی کو آزادی صحافت پر حملہ اور صحافیوں کا معاشی قتل عام قرار دیا اور ٹوئنٹی فور نیوز کا لائسنس بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں