زائد المیعاد ادویات محکمہ ہیلتھ کے گلے کی گھنٹی بن گئیں

6 Jul, 2019 | 11:06 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چودھری ) 3 ماہ گزر جانے کے باوجود میڈیسن کمپنی کی ہٹ دھرمی برقرار، زائد المیعاد ادویات کے 10 ہزار پیک تاحال واپس نہیں کیے گئے، سنگین مرض میں مبتلا ہزاروں مریض دواؤں سے محروم رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ پرائمری ہیلتھ کے شعبہ ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت ہیپاٹائٹس کی ادویات گیٹز فارما سے خریدی گئیں، ادویات استعمال نہ ہونے کے بعد 10 ہزار پیک میڈیسن سٹور ڈپو میں پڑے ہی زائد المیعاد ہوگئے تاہم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام نے مارچ 2019 میں گیٹز فارما کو چٹھی لکھی کہ معاہدے کے تحت زائد المیعاد ادویات فوری تبدیل کی جائیں۔

تین ماہ کا عرصہ گزر جانے کے بعد تاحال کمپنی نے کروڑوں روپے مالیت کی ایکسپائرڈ ادویات کا سٹاک اٹھایا نہ ہی نئی ادویات فراہم کیں۔ اس صورتحال میں ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام زائد المیعاد ادویات تبدیل کروانے کی بجائے مجبوراً محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ سے ادویات ادھار لے کر مریضوں کو فراہم کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق زائد المیعاد ادویات تبدیل نہ کرنے والی کمپنی گیٹز فارما سے ہی رواں مالی سال میں بھی ہیپاٹائٹس کی ادویات خریدنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں