(جمال الدین) منشیات سمگلنگ کیس میں سزا یافتہ غیرملکی ماڈل ٹریز اہلسکو وا کا تیسرا ساتھی سامنے آگیا، ملزم ایک سال تک اشتہاری رہا، عدالت نے ملزم آفتاب انور کی 15 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے کسٹمز حکام سے جواب طلب کر لیا۔
اشتہاری آفتاب انور نے سیشن عدالت میں قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کی، ایڈیشنل سیشن جج شہزاد رضا نے ملزم آفتاب انور کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزم کی جانب سے رانا صائم ایڈووکیت پیش ہوئے۔ ملزم کا کہنا تھا کہ وہ بے گناہ ہے، کیس میں ملوث غیر ملکی ماڈل کا ساتھی ملزم شعیب حفیظ اس کا کرایہ دار تھا، اس سے میرا جھگڑا ہوا تھا، رنجش کی بنا پر ملزم حفیظ نے کسٹمز کو میرا نام دیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق ملزم آفتاب انور پر غیر ملکی ماڈل ٹریز اہلسکووا کو ائیرپورٹ تک گاڑی میں چھوڑ کر آنے کا الزام ہے، کسٹمز حکام نے ٹریزاہلسکووا، شعیب حفیظ اور آفتاب انور کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا، ملزمہ ٹریزا کو 3 مارچ 2019 کو8 سال اور 8 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ ملزم شعیب حفیظ بری ہوگیا تھا۔
سیشن عدالت نے ٹریزا ہلسکووا کے تیسرے ساتھی ملزم آفتاب انور کی 15 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور کسٹمز حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔