(قیصر کھوکھر، قذافی بٹ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس ہوا، جس میں آٹا، چینی، دالیں، سبزیوں کی سرکاری قیمتوں کے تعین کے حوالے سے سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف ہنگامی ایکشن پلان تیار کر لیا گیا، گراں فروش اور ذخیرہ اندوز کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے افراد کی جگہ جیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پوری طرح متحرک اور فعال کرنا ہوگا، اوور چارجنگ ہرگز قبول نہیں، سرکاری نرخوں پر عمل درآمد ہر قیمت پر کرایا جائے۔
سیکرٹری صنعت و تجارت طاہر خورشید نے اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی صورتحال پر بریفنگ دی، چیف سیکرٹری نے انتظامی افسروں کو ہدایات دیں کہ وہ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی سے متعلق رپورٹ باقائدگی سے بھجوائی جائے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بھی موجود تھیں۔