ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

قبرستانوں کے بائی لاز تیار

قبرستانوں کے بائی لاز تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راﺅ دلشاد) میٹروپولیٹن کارپوریشن نے قبرستان بائی لاز تیار کرلیے، بائی لاز کے نفاذ پر خود ساختہ قبرستان کمیٹیاں تحلیل ہوجائیں گی، بالغ میت کی قبر کی فیس 1500 روپے اور نابالغ قبر کی فیس ایک ہزار مقرر کرنے کی تجویز ہے، سٹی 42 نے قبرستان بائی لاز کی کاپی حاصل کرلی۔

  میٹروپولیٹن کارپوریشن نے قبرستان بائی لاز تیار کرکے حتمی منظوری کے لیے سیکرٹری بلدیات کو مراسلہ جاری کردیا، سٹی 42 کو موصول بائی لاز کی کاپی کے مطابق قبرستانوں کی دیکھ بھال میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ذمہ ہوگی، لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے سیکشن 145 کے تحت میٹرو پولیٹن کارپوریشن قبرستانوں کے انفراسٹرکچرکی دیکھ بھال اور چلانے کی ذمہ دار ہے۔

ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ایم سی ایل ہاس کے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے بائی لاز کی منظوری دی، نابالغ کی قبر 1000، بالغ میت کی قبر کی فیس 1500 مقرر کی گئی ہے جوڈیشل احکامات پر قبر کشائی کی صورت میں بالغ کی فیس 2000 جبکہ نابالغ کی قبر کی فیس 1500 مقرر کی۔

بائی لاز کے مطابق بالغ میت کے لیے قبر کا سائز 2 اعشاریہ 2 میٹر، چوڑائی اعشاریہ 75میٹر جبکہ گہرائی ایک عشاریہ 40میٹر ہوگی، قبرستان کمیٹی میٹروپولیٹن کارپوریشن تشکیل دے گی، قبرستان کمیٹی کا سربراہ سرکاری ملازم ہوگا جبکہ ممبرز کا تعین متعلقہ علاقہ سے ہوگا، بائی لاز کے مطابق قبرستانوں میں کتوں، نشہ آور افراد، کھیلنے کودنے اور مویشیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی، قبرستانوں میں گاڑیوں کی پارکنگ اور داخلہ ممنوع ہوگا۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن کے بائی لاز کا اطلاق میانی صاحب قبرستان، ماڈل ٹاؤن سوسائٹی، اوقاف، شہر خموشاں اور کنٹونمنٹ بورڈز کے قبرستانوں پر نہیں ہوگا۔

Sughra Afzal

Content Writer