نجیب الدین اچکزئی: چمن میں عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک ہی گھر میں دو بھائیوں کو الیکشن میں اپنا امیدوار بنا کر پارٹی ٹکٹ دے دیئے۔ دو بھائی 8 فروری کو بلوچستان اسمبلی میں حلقہ کے عوام کی نمائندگی کرنے کے لئے آمنے سامنے آ گئے۔
چمن میں 8 فروری کے عام انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 51 پر دو بھائیوں کے آمنے سامنے آ جانے کو علاقہ کے لوگ دلچسپی کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔
بایک ہی گھر میں مقیم دو بھائیوں میں سے بڑے بھائی عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سابق رکن بلوچستان اسمبلی اصغر خان اچکزئی ہیں جو اپنی پارٹی اے این پی کے ٹکٹ پر پی بی 51 پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کے چھوٹے بھائی اکبر خان اچکزئی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں ۔ پہلے وہ بھی عوامی نیشنل پارٹی میں تھے، بعد مین انہوں نے پیپلز پارٹی کو بہتر سمجھ کر اس میں شمولیت اختیار کر لی ۔ تھوڑے ہی عرصہ میں بلوچستان کے سرکردہ رہنماؤں میں شمار ہونے لگے ہیں،اس مرتبہ عام انتخابات میں دونوں بھائی ایک دوسرے کے مقابل آ گئے ہیں۔ اکبر خان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر تیر کے لئے ووٹ مانگ رہے ہیں جبکہ بڑے بھائی لالٹین کے لئے ووٹ مانگ رہے ہیں۔