لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن ٹریبونلز کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کے لئے لارجر بنچ بنا دیا

6 Jan, 2024 | 08:31 PM

ملک اشرف: انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے حوالے سے بڑی خبر آ گئی ہے۔  لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن اپیلیٹ ٹربیونلز کے فیصلوں کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔

جسٹس شجاعت علی خان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ میں جسٹس علی باقر نجفی ، جسٹس شاہد بلال حسن ، جسٹس فیصل زمان خان ،جسٹس جواد حسن شامل ہیں۔ لارجر بنچ الیکشن اپیلٹ ٹربیونلز کے فیصلوں کے خلاف 9 جنوری سے سماعت کرے گا۔

لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ بنچ صرف سیٹ لاہور پر الیکشن اپیلیٹ ٹربیونلز کے فیصلوں کے خلاف درخواستیں وصول کرے گا۔

واضح رہے کہ اس بنچ کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلان کردہ الیکشن شیڈول سے کوئی تعلق نہیں۔  الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق  اپیلٹ ٹریبونلز  کو ریٹرننگ آفیسرز کے کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت 10 جنوری تک مکمل کرنا ہے، 11 جنوری کو الیکشن کمیشن کے مجاز نمائندے قومی اور صوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں میں امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرستیں اپنے دفاتر پر آویزاں کریں گے.

کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کے لئے ایک دن کی مہلت دی جائے گی جس کے بعد 12 جنوری کو ہر حلقہ میں امیدواروں کی حتمی فہرستیں پبلک کے سامنے پیش کر دی جائیں گی۔ اس کے اگلے روز 13 جنوری کو الیکشن کمیشن ہر حلقہ کے امیدواروں کی حتمی فہرست میں موجود تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کر دے گا۔

مزیدخبریں