ارشاد قریشی : سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے سیاست اور پی ٹی آئی کو خیر آباد کہہ دیا.
تفصیلات کے مطابق عمر تنویر بٹ نے ضمانت منظور ہونے پر ویڈیو پیغام جاری کر دیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں 2007 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا،
میں نے راولپنڈی میں آئی ایل ایف کی بنیاد رکھی تھی، پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا مقصد ملک کے اندر ایک نیا سسٹم لانا تھا۔ عمران خان نے رجیم چینج آپریشن کے بعد فوج مخالف بیانیہ بنانا شروع کیا، پاک فوج مخالف بیانیے پر مجھے پہلے سے تشویش تھی، عمران خان فوج اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ایک سیاہ دن تھا، یہ واقعہ عوام اور اداروں کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش تھی، حماد اظہر، شیریں مزاری اور مراد سعید جیسے لوگوں نے اس بیانیے کو پروان چڑھایا، میں ریاست مخالف بیانیے کا بوجھ مزید برداشت نہیں کر سکتا، میں اس چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاست اور پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اظہار کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے آج ہی عمر تنویر بٹ کی ضمانت منظور کی ہے۔ عمر تنویر بٹ کو 14 دسمبر کو تھانہ سٹی پولیس نے حراست میں لیا تھا۔