ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر تاج حیدر کا کہنا ہے کہ جو لوگ عام انتخابات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے وہ پوری قوم کے حوصلے پست کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر تاج حیدر نے گفتگو کرتےہوئے کہاکہ یہ لوگ دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائیوں میں ملوث مٹھی بھر افراد کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، یہ قوم، اس کا آئین اور اس کا جمہوری نظام چند دہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بن سکتا۔ جمہوریت اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے پاکستان کے بڑے علاقوں کو آزاد کرایا تھا جن پر مشرف آمریت کے دوران دہشت گرد گروہوں نے قبضہ کر رکھا تھا۔
پی ایم ایل (این) کی حکومت کی طرف سے مذاکرات کی آڑ میں ان گروپوں کے خلاف آپریشن بند کیا۔ پی ٹی آئی کی آنے والی حکومت نے دہشت گرد گروہوں کو خوش کرنے میں ایک قدم اور آگے بڑھایا۔ پی ٹی آئی نے ہزاروں مسلح دہشت گردوں کو پاکستان کی سرزمین پر اپنے کیمپ قائم کرنے کی دعوت دی۔ روزانہ کی بنیاد پر ہمارے جوانوں کی مسلسل شہادتیں پی ٹی آئی حکومت کی دہشت گردی کی اس سہولت کاری کا براہ راست نتیجہ ہیں۔
سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ خوف، مایوسی اور غیر یقینی کی فضا نہ پھیلائیں۔ جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی مذموم کوششوں میں انتہا پسندوں اور دہشت گرد گروہوں کی براہ راست مدد ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی جب سے محنت کش طبقے اور پسماندہ طبقات کے لیے ایک سیاسی پلیٹ فارم کے طور پر قائم ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف حوصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔ انتخابی عمل کے کسی بھی قسم کے التوا پر بحث کو ہمیشہ کے لیے دفن کر کے آئین اور جمہوریت کو غالب رہنے دیں۔