سڈنی ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر کلین سویپ کرلیا

6 Jan, 2024 | 11:20 AM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)نئے لڑکوں کو کھلانے کا تجربہ بری طرح ناکام،آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی،کینگروز نے پرتھ اور میلبرن کے بعد سڈنی ٹیسٹ میں بھی شکست دے کر پاکستان کو وائٹ واش کر دیا۔ 

 سڈنی میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا، 130 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 26ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

 چوتھے روز کا کھیل۔

 میچ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز کے اختتام پر صرف 47 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہو گئی، اننگز کا آغاز محمد رضوان اور عامر جمال نے کیا، محمد رضوان 28 رنز بنا کر لیون جب کہ عامر جمال 18 رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار بنے۔ حسن علی نے 5 رنز بنائے اور ناتھن لیون کی بال پر بولڈ ہو گئے جب کہ میر حمزہ صرف 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 1 اور ناتھن لیون نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

 آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں عثمان خواجہ بغیر کوئی رنز اسکور کیے ساجد خان کا شکار بنے، ڈیوڈ وارنر نے 57 رنز کے ساتھ اپنی نصف سنچری بنا کر اپنے آخری میچ کو یادگار بنایا، ساجد خان نے ان کی وکٹ لی۔

 بعدازاں مارنس لبوشین 62 اور اسٹیون اسمتھ 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور 130 رنز کا ہدف مکمل کیا۔ پاکستان کی جانب سے صرف ساجد خان 2 وکٹیں حاصل کرسکے۔

 تیسرےروز کا کھیل۔

 سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی، دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنالیے، قومی ٹیم کو کینگروز پر 81 رنز کی برتری حاصل ہے،سڈنی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پہلی اننگز کا آغاز 2 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز سے کیا، مارنس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ ٹیم کے اسکور میں 71 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم 187 کے مجموعی اسکور پر اسمتھ پاکستانی بالرز کا شکار بنے، انہوں نے 38 رنز اسکور کیے جبکہ ٹریوس ہیڈ 10 رنز کے مہمان ٹھہرے۔

 ایلکس کیری اور مچل مارش نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کیری 38 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ مچل مارش نے 54 کی رنز کی اننگز کھیلی۔ انکی وکٹ گرتے ہی پاکستانی بالرز نے کینگروز کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ دیا، نتھین لائن 5، جوش ہیزل ووڈ اور کپتان پیٹ کمنز صفر پر پویلین روانہ ہوئے،پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 5، آغا سلمان نے 2 جبکہ میر حمزہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 قومی ٹیم نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ایک مرتبہ پھر عبداللہ شفیق صفر پر پویلین روانہ ہوئے جبکہ کپتان شان مسعود گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں بابراعظم اور صائم ایوب نے 55 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم صائم کی مزاحمت 33 رنز پر سمٹ گئی اور بابراعظم 23 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

 آسٹریلوی بالر جوش ہیزل ووڈ نے ایک اوور میں سعود شکیل، ساجد خان اور آغا سلمان کی وکٹیں لیکر پاکستانی بیٹنگ لائن کو زمین بوس کردیا، محمد رضوان 6 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں،آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ میں 4 جبکہ نتھین لائن، مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزیدخبریں