بسیم افتخار: یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا ختم ہو گیا۔ محکمہ خزانہ عوام کو سستے آٹے کی راہ میں رکاوٹ بن گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فلور ملز نے گزشتہ واجبات کی ادائیگی نہ کئے جانے پر یوٹیلٹی سٹورز کو آٹا فراہم کرنا بند کر دیا ہے جس کے سبب آدھے کے لگ بھگ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا کا سٹاک ختم ہو گیا ہے۔ آٹا خریدنے کے لئے جانے والے صارفین کو کئی روز سے یہ بتایا جا رہا ہے کہ آٹا فی الحال دستاب نہیں۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فلور ملز کو واجبات کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ وفاقی حکومت کے فنانس ڈویژن نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے 14 ارب روک رکھے ہیں۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے واجبات ادا نہ کئے جانے کے سبب ملز نے آٹے کی سپلائی روک دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک بھر کے 50 فیصد یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا موجود نہیں۔ جہاں آٹا موجود ہے وہاں بھی بہت تھوڑا سٹاک ہے۔ 30 سے 40 ہزار بیگز کی بجائے 15 سے 20 ہزار بیگ سپلائی کیے جارہے ہیں۔
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سےملز کو عدم ادائیگی پر بحران پیدا ہورہا ہے۔یوٹیلیٹی کارپوریشن کی مالی مسائل کو اپنے طور پر حل کرنے کی کوشش جاری ہے لیکن اس کے نتائج بہت حوصلہ افزا نہیں۔
جمعہ کے روز بھی آٹے کی سپلائی میں تعطل کے مسئلے پر یوٹیلیٹی سٹورز کارپویشن میں اجلاس ہوا ہے۔یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کی سپلائی ہر ریجن میں موجود فلورملز سے ہوتی ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ اسٹورز پر آٹے کی قلت دور کرنے کے کوشش کررے ہیں۔ امید ہے اگلے ہفتے میں مسئلہ حل ہوجائے گا۔