اینڈرائیڈ اسمارٹ فونزچلانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

6 Jan, 2023 | 06:05 PM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک: اینڈرائیڈ فونز میں ایک ایسا فیچر متعارف کرایا جارہا ہے جس سےموبائل سگنل کے بغیر بھی میسج بھیجنا ممکن ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق جیسا کہ پہلے ایپل کی آئی فون 14 سیریز میں سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس نے اب تک امریکا میں کئی زندگیاں بھی بچائی ہیں۔

اسی حوالے سے لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے دوران کوالکوم کمپنی نےاسنیپ ڈراگون سیٹلائیٹ کا اعلان کیا، جس کا مقصد نئے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں سیٹلائیٹ کمیونیکیشن کے ذریعے ٹو وے میسجز کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس فیچر کو متعارف کرانے کیلئے کوالکوم نے ایک کمپنی Iridium سے شراکت داری کی ہے جس کے متعدد سیٹلائیٹس زمین کے مدار میں موجود ہیں، اس حوالے سےکمپنی کا کہنا ہے کہ جن اینڈرائیڈ فونز میں یہ سہولت موجود ہوگی، انہیں استعمال کرنے والے صارفین کسی بھی جگہ سے سیٹلائیٹس کے ذریعے میسج بھیج سکیں گے یا موصول کرسکیں گے، جیسا کہ مثال کے طور پر اگر کوئی صارف ایسی جگہ ہو جہاں موبائل اور وائی فائی کوریج موجود نہ ہو تو سیٹلائیٹ سروس کے ذریعے ہنگامی حالات میں مدد طلب کرنا ممکن ہوگا۔

 کوالکوم نے ایک اور خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ یہ فیچر صرف ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اسے ہر جگہ استعمال کرنا ممکن ہوگا، اور اس طرح اینڈرائیڈ فونز میں یہ فیچر ایپل کے آئی فونز کے مقابلے میں زیادہ کارآمد ثابت ہوگا۔

ذرائع کے مطابق فی الحال صارفین کو اس کے لیے انتظار کرنا ہوگا کیونکہ ابھی اس کو سپورٹ کرنے والے فونز دستیاب نہیں۔

مزیدخبریں