ویب ڈیسک: امریکی ایوان نمائندگان میں لگاتار تیسرے روز بھی اسپیکر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کی گئی تاہم ایوان اسپیکر کے انتخاب میں کامیاب نہ ہو سکا، اجلاس اسپیکر کا انتخاب کیے بغیر ملتوی کردیا گیا۔
امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار کیون مک کارتھی کو لگاتار تیسرے روز بھی اپنی ہی پارٹی سے 20 سخت گیر قدامت پسندوں کی مخالفت کا سامنا رہا۔ امریکی ایوان نمائندگان میں تیسرے روز 11 ویں مرتبہ ووٹنگ میں اسپیکر کے انتخاب میں ناکامی کے بعد اجلاس ایک روز کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں سول وار کے بعد سے ایوان نمائندگان کو اس قدر غیر فعال کبھی نہیں دیکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی پارلیمان میں اسپیکر کے انتخاب کیلئے کسی بھی امیدوار کو کامیابی کیلئے 218 ووٹ درکار ہیں۔امریکی پارلیمان میں ڈیموکریٹس کی 212 جبکہ ریپبلکن پارٹی کے پاس 222 نشستیں ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ ایک صدی کے دوران یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان پہلی ووٹنگ میں اپنا اسپیکر منتخب کرنے میں ناکام ہوا ہو، آخری مرتبہ 1923 میں ایوان نمائندگان پہلی ووٹنگ میں اسپیکر کا انتخاب کرنے میں ناکام ہوا تھا۔