(ملک اشرف) پی ٹی وی اور اے آر وائے کو پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق دینے کیخلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو جواب الجواب جمع کرانے کیلئے 19 جنوری تک کی مہلت دیدی۔
جسٹس شاہد وحید نے انڈیپنڈنٹ میڈیا گروپ کی درخواست پر سماعت کی، اے آر وائے کی جانب سے اعتزاز احسن، پی ٹی وی کی جانب سے بیرسٹر احمد پنسوتا، پی سی بی کی جانب سے تفضل رضوی، جیو سوپر کی جانب سے بہزاد حیدر پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آے آر وائے اور پی ٹی وی کا جواب کل رات کوای میل پر مل گیا تھا، پی سی بی کا جواب ابھی ملا ہے، جواب الجواب داخل کریں گے، جسٹس شاہد وحید نے اے آر وائے کے وکیل سے کہا کہ اعتزاز صاحب بتائیں کیس کس تاریخ کیلئے رکھ لیں، اعتزاز احسن نے جواب دیا کیس کو منگل کیلئے رکھ لیں۔
معزز جج نے کہا کہ چھٹیوں کے بعد رش ہوگا، 19 جنوری کیلئے رکھ لیتے ہیں، درخواستگزار کے وکیل بولے میں کیس ابھی شروع کردیتا ہوں اگر دوسرے فریق کے وکلاء اعتراض نہ کریں، اتنی لمبی تاریخ نہ دیں، ایونٹ شروع ہونے والا ہے۔ جس پر معزز جج نے کہا کیس 19 کیلئے رکھ رہے ہیں، آپ جواب الجواب ہی داخل کریں۔
درخواست میں پی ٹی وی، اے آر وائے نیوز اور وزیراعظم کو بطور پیٹرن ان چیف پی سی بی فریق بنایا گیا، عدالت سے پی ٹی وی اور اے آر وائی کو پی ایس ایل 2022-2023 کے نشریاتی حقوق دینے کا اقدام کالعدم قرار دینے اورحتمی فیصلے تک سرکاری ٹی وی کو نشریاتی حقوق دینے کا عمل معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔