سعدیہ خان: پنجاب میں ریچھ اور بندر نجی تحویل میں رکھنے پر پابندی عائد کردی پنجاب وائلڈلائف نے صوبے بھر میں ریچھ اور بندر نجی تحویل میں رکھنے کے لائسنس منسوخ کردیئے ہیں صوبائی کابینہ نے منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب وائلڈلائف نے چندبرس قبل ریچھ اوربندرکو وائلڈلائف ایکٹ کے شیڈول ون سے نکال کرتحفظ شدہ جنگلی جانوروں کے شیڈول تھری میں شامل کیا گیا تھا تاہم کئی لوگوں نے محکمے سے لائسنس بنواکرریچھ اوربندرنجی تحویل میں رکھے ہوئے تھے۔
پنجاب وائلڈلائف ذرائع کے مطابق ماضی میں ریچھ اوربندرنجی تحویل میں رکھنے کے لئے مستقل لائسنس جاری ہوتے تھے جن کی صرف ہرسال تجدیدکروائی جاتی تھی تاہم اب نئے فیصلے کے بعد تمام پرانے لائسنس منسوخ ہوجائیں گے۔
پنجاب وائلڈ لائف بورڈ کے اجلاس میں ریچھ اور بندر کونجی تحویل میں رکھنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، صوبائی کابینہ نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے، آئندہ چندروزمیں نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔
پاکستان میں کالے اوربھورے ریچھ کی نسل معدومی کا شکار ہے، سال 2005 میں پنجاب وائلڈلائف نے ریچھ اور کتے کی لڑائی پرپابندی لگائی تھی جبکہ اس کے بعد مداری ریچھ اور بندر کاتماشہ دکھاتے تھے، تاہم اب ان کے کھیل تماشوں سمیت نجی تحویل میں رکھنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔