(عرفان ملک) سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ شہر میں موجود جرائم پیشہ افراد اور قبضہ مافیا سمیت بدمعاشوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، وہ لاہور چھوڑ جائیں تو ان کے لیے بہتر ہو گا کیونکہ پولیس اپنی پوری قوت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑی نظر آئے گی ۔
غلام محمود ڈوگر اپنی تعیناتی کے بعد پہلی بار پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ آئے جہاں پولیس کے چاق و چوبیس دستے نے ان کو سلامی دی۔ سلامی کے بعد سی سی پی او نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کرنے کے بعد اپنے تاثرات بھی کتاب میں درج کیے۔
پولیس لائنز میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ جرائم پیشہ افراد ، قبضہ گروپس اور بدمعاشوں کے خلاف اعلان جہاد کر دیا ہے جس میں وہ اپنی پوری طاقت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑے ہوں گے۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کے بعد حکومت اور وزیر اعلی کے شکر گزار ہیں کہ انہیں عوامی خدمت کا موقع دیا گیا، سی سی پی او نے کہا کہ اسٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہو گی ۔ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کے ساتھ ڈی آئی جی اشفاق خان ، شارق جمال اور ایس ایس پی احسن سیف اللہ اور عبدالغفار قیصرانی بھی موجود تھے ۔ سی سی پی او نے کہا کہ تمام افسران تھانوں کے سرپرائز وزٹ کرنے کے پابند بنائے جائیں گئے ۔