پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی پر من وعن عمل کرانے کا فیصلہ

6 Jan, 2021 | 11:51 AM

Sughra Afzal

بنک روڈ (علی ساہی) پنجاب پولیس کے انفارمیشن آفیسر سہیل سکھیرا نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پرائیویٹ اکاؤنٹس پر سرکاری تشہیر کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔

  پنجاب پولیس کے پہلے تعینات ہونیوالے انفارمیشن آفیسر ڈی آئی جی سہیل اختر سکھیرا نے سٹی 42 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور پولیس کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے، صحافی پولیس سے متعلق معلومات کیلئے کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں، پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی پر من وعن عمل کروائیں گے۔

سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ کوئی بھی افسر پرائیویٹ اکاؤنٹ کو سرکاری طور پر استعمال نہیں کرے گا، کوئی افسر پرائیویٹ اکاؤنٹ پر با وردی تصاویر اپ لوڈ نہیں کرے گا، پرائیویٹ اکاؤنٹ پر سرکاری سرگرمیاں بھی اپ لوڈ نہیں کی جاسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف مجاز افسر کو محکمے کی پوسٹ اپ لوڈ کرنے کی اجازت ہوگی، سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر محکمانہ کارروائی ہوگی، آئی جی پنجاب کے حکم پر صوبہ بھر کے افسران کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس انفارمیشن برانچ کے قیام اور پوسٹوں کے اجراء کیلئے سٹینڈنگ آرڈر جاری کیا، آئی جی پنجاب کے سٹینڈنگ آرڈر کے تحت ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا کو پنجاب پولیس انفارمیشن آفیسر کا اضافی چارج دیا گیا۔

  جن اضلاع میں محکمہ اطلاعات کے پی آر او تعینات نہیں، وہاں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، یونٹس سربراہان، آر پی اوز اور ضلعی پولیس افسران اپنے ضلع کیلئے ایک پی آر او اور اس کے متبادل کا نام پی پی آئی او کو منظوری کیلئے بھجوائیں گے۔

مزیدخبریں