نئے سال کے پرکشش نمبروں کی نیلامی

6 Jan, 2020 | 08:40 PM

Arslan Sheikh

( علی ساہی ) ایک نمبر خریدنے کے لیے شہری نے تقریبا موٹرسائیکل کی قیمت کے برابر اکاون ہزار روپے خرچ کردیئے، فرید کورٹ ہاؤس میں منعقدہ موٹرسائیکلوں کی سیریز ایل ای کے 20 کے نمبروں کی نیلامی میں شہریوں کا رش رہا۔

سال دو ہزار بیس کے آغاز پر فرید کورٹ ہاؤس میں محکمہ ایکسائز نے ایل ای کے بیس کے پرکشش نمبروں کی پہلی نیلامی کا انعقاد کیا۔ ای ٹی او ملک فیاض، انسپکٹر عون محمد اور محبوب بھی موجود تھے۔ موٹرسائیکلوں کے پرکشش نمبروں کی پہلی نیلامی میں شہری عثمان نے موٹرسائیکل کی قیمت کے برابر 1 نمبر 51 ہزار روپے میں خریدلیا۔

 5 نمبر 23 ہزار روپے میں شہری محمد وقاص نے اپنے نام کیا، 786 نمبر 20 ہزار روپے میں شہری محمد عارف کو فروخت کیا گیا، 7 نمبر 22 ہزار میں شہری ماجد اور 3 نمبر14 ہزار میں اطہر عباس نے خرید لیا۔ شہری عثمان کا کہنا تھا کہ ایک نمبر اسکو پسند ہے، پچھلے سال بھی پہلا نمبر پسند کیا تھا۔

ای ٹی او فیاض ملک کا کہنا تھا کہ نیلامی میں 1600 سے زائد پرکشش نمبرز رکھے گئے، پسند کے نمبر خریدنے کےلیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، پچھلےسال کی نسبت اس سال زیادہ ریونیو اکٹھا ہونے کی توقع ہے۔

موٹرسائیکل کے پرکشش نمبروں کی نیلامی کا عمل دو دن جاری رہے گا جبکہ گاڑیوں کے پرکشش نمبروں کی پہلی نیلامی چودہ جنوری کو منعقد کی جائے گی۔

مزیدخبریں