ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما رؤف حسن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غیر آئینی اور غیر قانونی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، آئندہ ان غیرآئینی اورغیرقانونی انتخابات کو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔
رؤف حسن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاست پر بات کرنے کا آخری دن ہے، رجیم چینج آپریشن کرمنل گروہ کی کرپشن ختم کرنے کیلئے کیاگیا، 1.6 ملین پر چھوڑی ہوئی معیشت 16 ماہ میں منفی میں چلی گئی۔ ہمارے لوگوں کو بلامقصد جیلوں میں رکھا گیا اب بھی رکھا ہوا ہے، تحریک انصاف دورمیں 4 لانگ مارچ ہوئے کسی کو نہیں روکا گیا لیکن ہمیں ایک بھی جلسہ نہیں کرنے دیا گیا، ہمار انتخابی نشان چھین کر ووٹ سے محروم کیا گیا۔ پاکستان میں غیر آئینی اور غیر قانونی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، آئندہ ان غیرآئینی اورغیرقانونی انتخابات کو چیلنج کیا جا سکتا ہے، پارٹی کو الیکشن میں جانے سے روکنے کیلئے ریاست نے کئی ہتھکنڈے اپنائے۔
رؤف حسن نے الزام عائد کیا کہ خواتین پولنگ اسٹیشنزپرپولنگ انتہائی سست رکھنے کا کہا گیا ہے، تحریک انصاف کے آزاد امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کوبذریعہ پولیس ہراساں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر بغیرقانونی تقاضے پورا کیے مزید کیسز کا بھی فیصلہ آ جائے گا، میڈیا پر ان کا نام اور تصویر تک نہیں شائع ہو سکتی۔