اویس کیانی: سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں یوم یکجہتیِ جموں و کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے متعدد افراد نے شرکت کی۔
متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے تقریب کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کوششوں کو سراہا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنے سے نہیں روک سکتے۔ پاکستان جموں و کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کو تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھاتا رہے گا اور عالمی رہنماؤں کی توجہ کشمیری عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کراتا رہے گا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر اپنے جذبات کا اظہار کیا، معصوم شہریوں پر بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کیا اور حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بنائی گئی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔