نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کےلیے دفن کردیں اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست چھوڑ دیں: مریم نواز

6 Feb, 2024 | 05:19 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ورکرز کو کہتی ہوں نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کےلیے دفن کردیں اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست چھوڑ دیں۔

قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ قصور نے نواز شریف کا پرچم کبھی گرنے نہیں دیا، قصور نے کبھی کسی اور جماعت کو قصور میں گھسنے نہیں دیا۔ قصور والو! آپ کی استقامت کو سلام ہے، قصور نے ہمیشہ نواز شریف کا مان رکھا۔مریم نواز نے کہا کہ ہر سروے کہہ رہا ہے ن لیگ نے مقبولیت میں تمام جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہر سروے نے مخالفین کے جھوٹے دعوؤں کے پرخچے اڑا دیے۔

ن لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عوام دیوانہ وار نواز شریف کی طرف دوڑے چلے آتے ہیں، نواز شریف کے خلاف انتقام کی ہر لائن عبور کی گئی، کہا گیا نواز شریف تاریخ کا حصہ بن گیا، کہا گیا نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ سیاست نواز شریف سے شروع اور نواز شریف پر ختم ہو رہی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں مریم نواز کی تقریر شروع بھی نواز شریف سے ہوتی ہے اور ختم بھی، مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف سے شروع ہوتی ہے اور ختم بھی نواز شریف پر ہوتی ہے۔ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ مخالفین نے طریقہ ڈھونڈ لیا کہ کارکردگی بتانے کےلیے نہیں تو نواز شریف پر تنقید کرو۔انکا کہنا تھا کہ میرا سیاسی جنم ایسے دور میں ہوا جہاں ماں، بہن اور بیٹی کی کوئی عزت نہیں تھی۔ میرا سیاسی جنم مشکل سیاسی دور میں ہوا جہاں بیٹیوں اور بہنوں کو کال کوٹھڑیوں میں پھینکا گیا۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کی کردار کشی کی گئی، ہر جلسے میں مجھ پر کیچڑ اچھالا گیا، بدتمیزی کی گئی۔ ان کے خلاف ذاتی نوعیت کا فیصلہ آیا تو نواز شریف اور شہباز شریف نے کچھ نہیں بولا۔چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہا کہ عوام نے ہر ظلم، ہر جبر سہا لیکن نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ اس جلسے کو گواہ بنا کر کہتی ہوں آپ اور اس ملک کی خاطر تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں۔انکا کہنا تھا کہ سب کو دعوت دیتی ہوں، جلاؤ گھیراؤ بند کرتے ہیں، پی ٹی آئی کے ورکرز کو کہتی ہوں نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کےلیے دفن کردو۔ پی ٹی آئی کے کارکن جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ترک کردیں۔مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں سے کہتی ہوں کہ آپ کو بہلایا پھسلایا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں سے کہتی ہوں آؤ جلاؤ گھیراؤ کا باب بند کر دو۔

انہوں نے کہا کہ میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں پر امن، بھائی چارہ اور سلامتی ہو۔ میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں غریب کا بچہ پیٹ بھر کر روٹی کھائے، میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں پر حکومت کی توجہ انتقام پر نہیں خدمت پر ہو۔انکا کہنا تھا کہ ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی ہوں جہاں آپکے ہاتھ میں پیٹرول بم نہیں، لیپ ٹاپس ہوں۔ میں خواب دیکھتی ہوں کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے نہیں ڈگریاں ہوں، میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں آپ کا نوجوان روادار اور تمیز دار ہو۔

انکا کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں ہمارا نوجوان خودمختار ہو، چاہتی ہوں نوجوانوں کو بہترین اسکول اور یونیورسٹیاں ملیں۔ میرا دل کرتا ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں آئی ٹی ریولیوشن ہو۔ ہر شہر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال ہو جہاں سب کو علاج کی سہولت میسر ہو، دل کرتا ہے ایسا پاکستان دیکھوں جہاں کوئی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو۔مریم نواز نے کہا کہ چاہتی ہوں ایسا پاکستان ہو جہاں ہر شخص کے پاس صحت کارڈ ہو، میں ایسا پاکستان چاہتی ہوں جہاں سب کو علاج کی سہولت میسر ہو، خواتین کیلیے باعزت روزگار ہو، باعزت سواری ہو، جہاں آپ کی روزی ہو، وہاں آپ کو باعزت مقام ملے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ یہ میرے خواب ہیں اور یہ خواب ضرور پورے کریں گے، 8 فروری کو اپنی بہتری اور اپنی نسل کےلیے فیصلہ کرنا ہے۔ 8 فروری کو گھر سے اکیلے نہیں نکلنا بلکہ دوست، رشتے داروں کو لے کر نکلنا۔انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ کی پرچی نہیں آنے والی نسلوں کا فیصلہ ہے، ووٹ ملک کی امانت ہے آپ نے اچھا فیصلہ کر کے اسے لوٹانا ہے۔ 

مزیدخبریں