(ویب ڈیسک)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ آمد، یادگار شہداء پر سلامی دی۔
آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس کے ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ڈویژنل ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشن سے خطاب کیا۔خطاب میں انکا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے ہمیں جذبہ حب الوطنی کے تحت مل کر لڑنا ہے،جیسے میانوالی میں دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا اسی جذبے سے انہیں ملک سے نکال باہر کریں۔ شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن معاونت کی فراہمی اولین ترجیحات میں ہے۔
افسران سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ امن وامان کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے مکمل غیر جانبدارانہ فرائض کی ادائیگی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے،ڈکیتی، چوری اور راہزنی کے مقدمات کے اندراج میں تاخیر کے ذمہ داران خود کو سخت نتائج کیلئے تیار کریں۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی ویلفیئر، ترقیوں اور دیگر معاملات کی کوئی فائل سی پی او یا اضلاع میں زیر التواء نہیں رہے گی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ پنجاب میں پولیس افسران و اہلکاروں کی سزاؤں کے خلاف زیر التواء اپیلوں پر سولہ فروری تک فیصلے کا حکم دے چکا ہوں۔جواب میں میں آپ سے صرف میں خلق خدا کی خدمت اور مظلوموں کا ساتھ دینے کا وعدہ لیتا ہوں۔اگر آپ میری خوشنودی اور فیلڈ میں رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو شہریوں کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھنا ہوگا۔ پولیس حراست میں ہلاکت یا فرار کے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت تمام ایس ایس پیز بھی موجود تھے۔