(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ قومیں قانون کے تحت چلتی ہیں، آئین فیصلہ کرتا ہے کیا جائز ہے کیا ناجائز، جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں۔
ویڈیو پیغام میں عمران خان کاکہناتھا کہ عدالت نے حکم دیا اسلام آباد بلدیاتی الیکشن 48گھنٹے میں کرائیں، مہینہ ہوگیا لیکن انتخابات نہیں ہو رہے۔ان کاکہناتھا کہ آئین بنیادی حقوق کی حفاظت کرتا ہے لیکن ہمارے لوگوں کو اٹھایا گیا،کئی لوگوں کا تشدد کے بعد ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہوا، ایک ٹویٹ پر لوگوں کو اٹھایا گیا اورتشدد کیا گیا،25مئی کو پرامن احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیاگیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ قوم کا آئین اور قانون پر سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے،آئین میں واضح ہے کہ 90 دن میں الیکشن ہوں گے،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومتیں آئین کے تحت تحلیل کیں۔