پاکستان میں ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن سروس نظر آنا شروع

6 Feb, 2023 | 03:21 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو پاکستانی صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کا سلسلہ جلد شروع ہونے والا ہے۔

ٹوئٹر کے ویب ورژن میں ٹوئٹر بلیو کا آئیکون سائیڈ بار میں کچھ پاکستانی صارفین کو نظر آنے لگا ہے۔ ٹوئٹر بلیو کے آئیکون پر کلک کرنے پر بتایا جاتا ہے کہ اس سبسکرپشن سروس کا حصہ بننے پر بلیو چیک مارک، طویل ویڈیوز کو پوسٹ کرنے، نئے فیچرز تک سب سے پہلے رسائی، ٹوئٹ کو ایڈٹ کرنے، این ایف ٹی پروفائل پکچرز اور 1080p ویڈیو اپ لوڈ سمیت دیگر سہولیات صارفین کو دستیاب ہوں گی۔

البتہ ابھی پاکستان میں ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن کا آپشن نہیں دیا گیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ایک صارف کو ماہانہ کتنے روپے ادا کرنا ہوں گے۔

اس وقت ٹوئٹر بلیو سروس امریکا سمیت 12 ممالک کے صارفین کو دستیاب ہے۔مگر اس نئے آئیکون سے عندیہ ملتا ہے کہ بہت جلد ٹوئٹر بلیو کو پاکستانی صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا۔اگرچہ ابھی ٹوئٹر بلیو کی ماہانہ فیس کے بارے میں آئیکون سے معلوم نہیں ہوتا مگر دیگر ممالک میں ویب ورژن کے صارفین کے لیے یہ فیس 8 ڈالرز (22 سو پاکستانی روپے سے زائد) ہے جبکہ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کو ہر ماہ 11 ڈالرز (3 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ادا کرنا ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو خریدنے کے بعد نومبر 2022 کے شروع میں ٹوئٹر بلیو سروس کو متعارف کرایا تھا مگر سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے ناموں کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا۔بعد ازاں 12 دسمبر 2022 کو اسے کچھ تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ پیش کیا گیا۔

مزیدخبریں