عظمت اعوان: کورونا شہر میں قہر ڈھانے لگا، احتیاط کریں کیونکہ سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے تشویشناک مریض بڑھنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق میو ہسپتال میں 58 وینٹی لیٹرز مریضوں کے لیے مختص کیے گئے جبکہ 30 وینٹی لیٹرز پر کورونا کے تشویشناک مریض زیر علاج ہیں۔ سروسز ہسپتال میں 16 وینٹی لیٹرز پر چھ مریض، سرگنگارم ہسپتال میں 20 وینٹی لیٹرز پر 6 مریض، لاہور جنرل ہسپتال میں 10 وینٹی لیٹر پر 3 مریض جبکہ جناح ہسپتال میں 50 وینٹی لیٹرز پر چھ مریض زیر علاج ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس مزید 4 قیمتی زندگیاں نگل گیا ہے۔ لاہور میں کورونا کے 623 مزید کیسز کی تصدیق جبکہ مثبت شرح 10.8 تک جاپہنچی ہے۔
دوسری جانب ایس ایچ او قلعہ گجر سنگھ انسپکٹر مسعود الرحمٰن کورونا کا شکار ہو گئے، انسپکٹر مسعودالرحمٰن نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ انسپکٹر مسعود الرحمٰن نے شہریوں کو احتیاط کرنے کی تلقین کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے بنائے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کا کہا ہے۔