ویب ڈیسک: تخت نشینی کے 70 برس مکمل ہونے پر ملکہ الزبتھ دوئم نے اپنے پیغام میں مستقبل کا ممکنہ مسئلہ پہلے ہی حل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی خواہش ہے شہزادہ چارلس کے بادشاہ بننے پر ڈچز آف کارنوال کمیلا پارکر کو کوئین کونسورٹ کہا جائے۔
تخت نشینی کی پلاٹینم جوبلی پر95 سالہ ملکہ برطانیہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ جب شہزادہ چارلز بادشاہ بنیں تو ڈچز آف کارنوال کمیلا پارکر کو ‘کوئین کونسورٹ‘ کے نام سے جانا جائے۔
اس سے قبل ایسی تجاویز سامنے آئی تھیں کہ کمیلا کو اس وقت شہزادی کونسورٹ کہا جائے گا۔ تاہم ملکہ ایلزبتھ کے اعلان کے بعد کمیلا پارکر کو مستقبل میں ملکہ پکارے جانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے، کوئین کونسورٹ کسی برسرِاقتدار بادشاہ کی بیوی کو کہا جاتا ہے۔
برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر نے ملکہ کے اعلان پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کو محبت اور اعزاز کے طور پر دیکھتے ہیں۔ چارلز اور کمیلا نے 2005 میں غیرشاہانہ انداز میں دوسری شادی کی تھی۔ 74سالہ کمیلا سماجی خدمات کے حوالے سے مشہور ہیں۔
پلاٹینم جوبلی پر تحریری پیغام میں ملکہ نے اپنے آنجہانی شوہر شہزادہ فلپ کی بے لوث محبت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، پبلک سروس کے دہائیوں پرانے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کیا اور نیک تمناؤں کے اظہار ہر قوم، مذہب اورعمرکے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔