علی ساہی: ٹوکن ٹیکس نادہندگان کیخلاف کارروائیوں کافیصلہ، 3 لاکھ سے زائد ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کیخلاف ایکشن ہوگا، شہر کے داخلی وخارجی راستوں سمیت اہم شاہراہوں پر ناکہ بندی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اگلے ہفتے سے ٹوکن ٹیکس نادہندگان کیخلاف کارروائیاں کرے گا۔ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں رجسٹرڈ گاڑیوں میں 3 لاکھ سے زائد گاڑی مالکان نے رواں سال ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا۔ رواں مالی سال اب تک شہر میں 1 ارب سترکروڑ ٹوکن ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔
پنجاب بھر میں اب تک 3 ارب کے قریب ٹوکن ٹیکس کی وصولی کی جاچکی ہے۔ شہریوں کو بار بار آگاہی دینے کے باوجود اب تک 3 لاکھ سے زائد گاڑیاں نادہندہ ہیں۔ ای ٹی اوز کی سربراہی میں اہم شاہراہوں پر ناکہ بندی کی جائے گی۔ ایک سال کی ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑی کے چالان اور کاغذات ضبط ہونگے جبکہ ڈیفالٹر گاڑیوں کو بند کردیا جائے گا۔