(علی اکبر) وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپوزیشن پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان اتنے بڑے لیڈر ہیں تو پیپلزپارٹی اور ن لیگ اپنی جماعت جے یو آئی ف میں ضم کر دیں، مریم نواز کا اپنی جماعت میں کوئی سیاسی قد نہیں، ان کی پارٹی کے لوگ ان کی باتیں سنجیدگی سے نہیں لیتے۔
وفاقی وزیر فواد چودھری سینئر صحافی میاں حبیب اللہ کی رہائشگاہ پہنچے اور انہیں صاحبزادی کی شادی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر میاں سعید اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پی ڈی ایم کی لیڈر شپ مایوسی کا شکار ہے، جس پارلیمنٹ کو جعلی قرار دیتے تھے، اب اس سے سینیٹ کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور بے نظیر بھٹو خود سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈ کے حق میں تھے۔ ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز کی باتوں کو ان کی اپنی جماعت میں سنجیدہ نہیں لیا جاتا۔
فواد چودھری نے کہا کہ حکومت نہ تو کسی کا ووٹ خرید رہی ہے اور نہ کسی کو خریدنے دے گی، پنجاب میں بااختیار مقامی حکومتوں کا قیام ہو چکا ہے، اب بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی جماعت بن چکی ہے، اسلام آباد میں ان کے دھرنے کے لیے حکومت ایک چھوٹا سا ٹینٹ فراہم کر دے گی.