(شاہد ندیم سپرا) پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں بجلی کے میٹرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ، لیسکو کے میٹرز کو تبدیل کر کے بین الاقوامی کمپنی کے میٹرز نصب کر کے ٹرین کو سپلائی دی جائیگی۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں بجلی کے میٹرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیسکو نے افتتاحی تقریب اور آزمائشی سروس سے قبل بجلی کے میٹر نصب کیے تھے، دونوں تقاریب ہونے کے بعد لیسکو کے میٹرز کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی کمپنی اے آئی ایم کے میٹرز اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں نصب ہوں گے، لیسکو کے پاس جدید میٹرز کا سافٹ ویئر نہ ہونے کی وجہ سے تنصیب نہیں کی گئی، کمپنی نے انٹرنیشنل کمپنی سے سافٹ ویئر منگوانے کا فیصلہ کر لیا ہے،سافٹ ویئر انسٹال ہونے پر اورنج لائن ٹرین کو لیسکو کے میٹرز سے بجلی نہیں دی جائیگی، منصوبے میں اے آئی ایم کمپنی کے میٹرز کو بلنگ کیلئے استعمال کیا جائیگاجبکہ لیسکو کے میٹرز کو بیک اپ کے طور پر استعمال میں لایا جائیگا۔
دوسری جانب پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو فعال کرنے کیلئے 4 ارب روپے مانگ لیے،پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے محکمہ ٹرانسپوٹ کے ذریعے محکمہ خزانہ کو مراسلہ بھی ارسال کردیا ۔
سٹی 42 کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین کو فعال رکھنے کیلئے ہر تین ماہ کے بعد 2 ارب 14 کروڑ 28 لاکھ اضافی خرچ ہونگے، موبلائزیشن ایڈوانس کی مد میں 3 ارب 11 کروڑ 52 لاکھ مانگے گئے ہیں، بجلی کی کھپت اور واسا سہولیات، سکیورٹی کیلئے 67 کروڑ 98 لاکھ روپے مانگے گئے ہیں، آپریشن، کرایہ اور صفائی کے عملے کے لیے 48 کروڑ روپے کی ڈیمانڈ کی گئی۔
دستاویزات کے مطابق کرایہ کی مد میں پنجاب حکومت نے 29 کروڑ روپے کا ماہانہ ریونیو کا بھی تخمینہ بنایا ہے لیکن وہ اورنج ٹرین کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے کم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ فنڈز سے جلد وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری لیکر محکمہ ٹرانسپورٹ کو مذکورہ فنڈز کا اجرا کر دیا جائے گا ۔