ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی نااہلی، 395 سکولوں کی رجسٹریشن التوا کا شکار

6 Feb, 2020 | 05:35 PM

Shazia Bashir

(سٹی42) جنید ریاض: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی نااہلی، 395 نجی سکولوں کی رجسٹریشن التوا کا شکار، نجی سکول مالکان نے کئی ماہ سے رجسٹریشن کیلئے درخواست جمع کرا رکھی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی نااہلی کی وجہ سے  395 نجی سکولوں کی رجسٹریشن التوا کا شکار ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ نجی سکول مالکان نے کئی ماہ سے درخواستیں دے رکھی ہیں۔  سکول مالکان کا  کہنا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے سے جان بوجھ کر رجسٹریشن نہیں کی جارہی، تمام کاغدات پورے  ہیں اس کے باوجود رجسٹریشن نہیں کی جارہی۔

 اس کے علاوہ چیف ایگزیکٹو  آفیسر  ایجوکیشن پرویز اختر خان کا کہنا ہے کہ بہت سے سکولوں کے کاغذات پراعتراضات ہیں، جن کے کاغذات پورے ہیں ان کو جلد رجسٹریشن دے دی جائے گی۔

اس سے قبل  صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے نئے سکولوں کا آغاز تعلیمی سال 2020ء سے شروع  کیے جانے کا دعویٰ کر رکھا تھا، مذکورہ سکولوں میں یکم اپریل سے داخلوں کا آغاز کیا جانا تھا اور کرایہ کی عمارتیں تلاش نہ کرنے کے باعث منصوبہ التواء کا شکار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

 جلو، بند روڈ، کینٹ ، بابوصابو، واہگہ ہنجر وال ،آمنہ پارک ، احباب کالونی کے علاقوں میں 100سکول قائم کیے جانے ہیں۔ دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ سکولوں کا قیام وقت پر کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ کرایہ کی عمارتوں میں سکول کھولنے کے حوالے سے مکمل رپورٹ مرتب کی جارہی ہے جسے صوبائی وزیر تعلیم کو جلد پیش کریں گے۔

مزیدخبریں