فسادیوں سے دور رہیں، چودھری شجاعت کا عمران خان کو مشورہ

6 Feb, 2020 | 04:44 PM

وقار نیازی

(سٹی42) چودھری شجاعت نے عمران خان کوفسادیوں سےدوررہنے کامشورہ دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ فسادیوں نے ہردورمیں نفرت اورانتشار کی سیاست کی۔ وزیراعظم عمران خان اتحادیوں پراعتماد کریں، حکومت کےساتھ اتحاد بغیرکسی لالچ کے کیا۔

سابق وزیراعظم ، مسلم لیگ (ق) کے صدر ، پاکستانی سیاست کے ماہر،  معاملات کو افہام و تفہیم سے سلجھانے والے چودھری شجاعت نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو بڑا مشورہ دے دیا۔ عمرہ ادائیگی پر روانگی سے قبل چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ  عمران خان اتحادیوں پر اعتماد کریں اور  فسادیوں سے دور رہیں۔ اتحادیوں سے محبت اور فسادیوں سے دوری کا سبق دیں،  فسادیوں نے ہر دور میں نفرت، انتشار کی سیاست کی۔ اپنی اپنی نہیں بلکہ پاکستان کی بولی بولیں۔ 

انھوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ اتحاد بغیر کسی لالچ کے کیا، اتحاد پر قائم ہیں اور رہیں گے۔ اللہ نے 3 مرتبہ خانہ کعبہ کے اندر جانے کی سعادت نصیب فرمائی۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا عمرے کے دوران عمران خان کیلئے بھی دعا کریں گے؟ جس پر چودھری شجاعت نے کہا اللہ تعالیٰ عمران خان کوفسادیوں کے نرغے سے دور رکھے، خانہ کعبہ کے اندر بھی ہمیشہ عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔

واضح رہے کہ چودھری شجاعت 1985 میں پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے، اس کے بعد وہ وزیر اور پاکستان کے وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ مسلم لیگ (ق) کے صدر ہیں جو کہ حکمران جماعت کی اتحادی جماعت ہے۔ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کیلئے مسلم لیگ (ق) کی اہمیت بہت زیادہ ہے ۔ اتنے پرانے سیاستدان اور پاکستانی سیاست کو سمجھنے والے آخر کن فسادیوں کی بات کر رہے ہیں؟  یہ فسادی کون ہیں؟ چودھری شجاعت کااشارہ کس طرف ہے؟

قارئین آپ کو بتائیں کہ کچھ روز قبل 24 نیوزکے پروگرام نسیم زہرا ایٹ8 میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہیٰ نے بھی شائد انھی فسادیوں کا تذکرہ کیا تھا ۔ انھوں نے کہا کہ  جہانگیرترین کی سربراہی میں بننےوالی کمیٹی سےملاقاتوں کے بعد معاملات پرعملدرآمد شروع ہوگیا تھا،  جواب رک چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی گئی تھی، ہمارے اراکین اسمبلی نے اپنے علاقوں میں اسکیموں کا اعلان کردیا تھا لیکن اب سب رک گیا ہے، عملدرآمد شروع ہونے کے بعد کمیٹی میں تبدیلی حیران کن ہے۔ وزیراعظم  عمران خان دیکھیں معاملات کون روک رہا ہے۔

اب یہ فسادی ہیں کون؟ کون معاملات کو الجھا رہا ہے یہ تو اب عمران خان بتا سکتے ہیں یا چودھری شجاعت خود۔۔۔

مزیدخبریں