(ریحان گل) پنجاب میں ہائر ایجوکیشن میں موجود خرابیوں پر نیب کا بڑاایکشن، پرائیویٹ جامعات کوروکا جائے کہ وہ کالجز الحاق نہ دیں، چیئرمین نیب نے وزیراعلی پنجاب کو ہدایات پر عملدرآمد کرنے کا حکم دے دیا۔
پنجاب میں نجی تعلیمی اداروں میں غیر قانونی پروگرامز اور سب کیمپسز چلانے کی شکایات پر نیب ایکشن میں آ گیا، نیب کی اعلی سطح کی کمیٹی نے تعلیمی نظام کی خرابیاں دور کرنے کیلئے پنجاب حکومت کو سفارشات جمع کروا دی ہیں جبکہ چیئرمین نیب نے وزیراعلی کو ان سفارشات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کردی ہے۔
سفارشات کے مطابق ایک سے زائد یونیورسٹیز سے منسلک ہونیوالے کالجز کا روکا جائے، تمام کالجز اور جامعات کیلئے ڈگری جاری کرنے کا معیار مقرر کیا جائے،نجی جامعات کو کالجز کو الحاق دینے سے روکا جائے، سرکاری جامعات پر سب کیمپسز کھولنے کی حدود پر عملدرآمد کرایا جائے،سرکاری جامعات کی آڈٹ رپورٹس کو پبلک کیا جائے، غیر قانونی پروگرامز چلانے والی جامعات کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، غیر قانونی پروگرامز چلانے والی جامعات کے کیسز نیب کو بھیجے جائیں، ہائر ایجوکیشن سے متعلقہ اپنی ویب سائٹ بنائیں، ویب سائٹ پر منظور و غیر منظور شدہ پروگرامز، فیس، سہولیات اور فیکلٹی کی تفصیلات دی جائیں،تعلیمی ادارے اپنے داخلوں کے اشتہار میں تمام تفصیلات درج کریں۔