(علی رامے) تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتالوں کی بحالی کامنصوبہ کھٹائی میں پڑگیا، 17ارب کی لاگت تخمینہ،ایک پائی بھی جاری نہ ہوئی، محکمہ صحت کی جانب سےٹی ایچ کیوکی بحالی کیلئےتاحال کوئی پلان نہ بنایاجاسکا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور اور پنجاب بھر میں قائم تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی بحالی کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے سترہ ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ، جس کےلیے ابتدائی طور پر رواں سال کے دوران چار ارب روپے اس پراجیکٹ پر خرچ کیے جا ناتھے، اس منصوبے کے تحت ٹی ایچ ہسپتالوں کی استعداد کار، بیڈز میں اضافہ، نئی عمارتیں اور ڈاکٹرز سمیت نرسز کی تعداد بھی بڑھائی جانی تھی۔
منصوبے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے ایک پائی بھی جاری نہیں کی گئی ، محکمہ پی اینڈ ڈی کے حکام کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ٹی ایچ کیو کی بحالی کے لیے تاحال کوئی پلان نہیں بنایا گیا، پی اینڈ ڈی بورڈ کی جانب سے متعدد بار باور کرائے جانے کے باوجود کچھ نہ ہوسکا ۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سےقبل وہ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی بحالی پر کام کررہے ہیں، ڈی ایچ کیو پراجیکٹ کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی بحالی کا آغاز کردیا جائے گا۔