سٹی42: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پاکستان میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول کل ہفتہ کے روز ریلیز کرنے کا وعدہ کر کے براڈ کاسٹرز کو ٹال دیا لیکن اب تک بھارت کی جانب سے چیمپئینز ٹرافی میں بھارت کی شمولیت کے حوالے سے تنازعہ جوں کا توں ہے اور یہ حتمی نہیں کہ کل ہفتہ کے روز بھی بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی کو پاکستان میں چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول ریلیز کرنے کے قابل بنائے گا یا کل بھی تنازعہ جوں کا توں رہے گا۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ آئی سی سی کے لئے بھی گلے کی ہڈی بن گیا، براڈ کاسٹرز ، آئی سی سی اور ان کے ساتھ میزبان پاکستان کے اربوں روپے مالیت کے مفادات چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، آئی سی سی بھارت کے کرکٹ بورڈ (بورڈ آف کنٹرول کرکٹ فار کرکٹ ان انڈیا/بی سی سی آئی) کی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی اب تک نہ تو چیمپئینز ٹرافی کے میچوں کا شیڈول ریلیز کر سکا ہے نہ ہی یہ بتا سکا ہے کہ شیڈول کب دے گا۔ براڈکاسٹرز کے ساتھ حالیہ اجلاس میں بی سی سی آئی کے ذمہ داروں نے براڈکاسٹرز کو نیا وعدہ کر کے واپس بھیج دیا کہ شیڈول سات نومبر کو یعنی کل ریلیز کریں گے۔
صورتحال یہ ہے کہ آئی سی سی نے تاحال پی سی بی کے پارٹنرشپ فارمولے پر حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ بھارتی میڈیا پاکستان کا پارٹنرشپ فارمولہ (فیوژن فارمولا) بی سی سی آئی کی طرف سے مسترد کئے جانے کا دعویٰ کررہا ہے۔ اسی دوران بھارت کی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی میں انڈیا کے تمام میچ دبئی میں ہوں گے اور اس کے عوض پاکستان بھارت مین ہونے والے آئی سی سی ایونتس کے میچ "نیوٹرل ممالک" میں کھیلے گا۔ اس دعوے کی پاکستان کرکٹ بورڈ نے اب تک تصدیق نہیں کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی نے ایک "شراکت داری کا فارمولہ" تجویز کیا تھا جو اگلے تین سالوں کے لیے لاگو ہو گا، جس میں تجویز کیا گیا تھا کہ پاکستان بھارت کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹس کے لیے غیر جانبدار مقامات پر کھیلے، اس کے بدلے میں بھارت پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹس کے دوران ایسا ہی کرے۔ یہ شرط اس وقت متعارف کرائی گئی تھی جب بھارت کی جانب سے چیمپئینز ٹرافی کے میچ کھیلنے کے لئے لاہور آنے سے انکار کیا گیا اور چیمپئینز ٹرافی کے میچوں کیلئے "ہائی برڈ فارمولا" دینے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان مین شائع ہونے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر، پی سی بی نے 2031 میں آئی سی سی کے فیوچر ٹورز پروگرام سائیکل کے اختتام تک اس انتظام کو نافذ کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم، بی سی سی آئی کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرتے ہوئے، پی سی بی نے اپنی تجویز کو تین سال کی مدت تک محدود کر دیا۔
چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والی ہے۔ براڈکاسٹرز کو اس میگا ایونٹ کا شیدول دو ہفتے پہلے بلکہ اس سے بھی پہلے مل جانے کی توقع تھی لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہٹ دھرمی کے باعث اب تک ایسا نہیں ہو سکا حتیٰ کہ آج دبئی میں براڈکاسٹرز ورکشاپ میں آئی سی سی کے سینئیر عہدیداروں کو براڈ کاسٹرز کے سامنے ایک بار پھر شرمندہ ہونا پرا۔
آئی سی سی کی براڈ کاسٹرز کے ساتھ میٹنگ پر وسیم احمد کی رپورٹ
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں براڈکاسٹرز کی اہم میٹنگ کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ براڈکاسٹرز نے وینیوز فائنل نہ ہونے پر آئی سی سی سے شکایت کی کہ غیر یقینی صورتحال سے نقصان کا اندیشہ ہے، شیڈول جاری نہ ہونے کی وجہ مارکیٹینگ کیمپین اب تک شروع نہیں کر سکے۔
براڈکاسٹرز نے شکایت کی کہ آئی سی سی نے گزشتہ میٹنگ میں بھی پاک بھارت تنازعہ جلد ہونے کا یقین دلایا تھا۔ آئی سی سی حکام نے جواب دیا کہ ہم جلد از جلد اس مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔
آئی سی سی حکام نے براڈ کاسٹرز سے کہا، وہ میزبان پی سی بی، بی سی سی آئی سمیت دیگر بورڈ ممبرز سے بات کررہے ہیں،آئی سی سی حکام نے میٹنگ میں براڈ کاسٹرز سے مزید وقت مانگ لیا، براڈ کاسٹرز کو آئندہ ایک سے دو روز میں شیڈول فائنل کرنے کی تسلی بھی کرادی۔
چمپئنز ٹرافی کے شیڈول سے متعلق اہم آئی سی سی بورڈ میٹنگ 7 دسمبر کو بلائے جانے کا امکان ہے۔ میٹنگ میں سی ای او جیف ایلرڈائس اور کمرشل ڈائریکٹر انوراگ داہیا نے آئی سی سی کی نمائندگی کی،میٹنگ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے براڈ کاسٹرز اور میڈیا پارٹنرز نے شرکت کی۔