ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

’میں اور آپ ملکر نوجوانوں کی ترقی کا بندوبست کریں گے‘

’میں اور آپ ملکر نوجوانوں کی ترقی کا بندوبست کریں گے‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پورے پاکستان میں تمام صوبائی حکومتوں سے زیادہ توجہ کھیلوں پر دی ہے ، میں اور آپ ملکر نوجوانوں کی ترقی کا بندوبست کریں گے ۔ 

 کراچی میں سندھ پنک فٹبال ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، سب جانتے ہیں کہ اس ملک کا مستقبل نوجوان ہیں، یہاں ایسی سوچ رکھنے والے موجود ہیں جو نوجوانوں کو انتہاپسندی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں، خواہ وہ مذہبی انتہاپسندی ہو، سیاسی انتہاپسندی ہو یا کوئی بھی دوسری انتہاپسندی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی سوچ رکھنے والے ہیں جو خواتین کو ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتے، ایسے لوگ ہمارے ملک میں اور ہمسایہ ملک میں بھی موجود ہیں، ان کے لیے میں سمجھتا ہوں، سب سے بہترین جواب یہ خواتین ہیں جو میرے پیچھے کھڑی ہیں، آج میں بہت خوش کہ یہاں لیاری، کراچی میں فٹبال کے عالمی سطح کی طرز کے پروگرام میں موجود ہوں۔

 بلاول بھٹو نے پنک فٹبال ٹورنامنٹ میں شریک خواتین کے حوالے سے امید کا اظہار کیا کہ ایک دن یہ خواتین عالمی سطح پر فٹبال کے مقابلوں میں شریک ہوں گی اور پاکستان کا نام روشن کریں گی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ اس میدان میں روشنی کا بندوبست کیا جائے تاکہ نوجوان رات کے اوقات میں بھی یہاں کھیل سکیں۔

 انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے نوجوان، بالخصوص ہماری خواتین یہاں فٹبال کھیلنے کے لیے موجود ہیں، آپ کو معلوم ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا، جب تک اس کے لیے خواتین کا برابری کا کردار نہ ہو ۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری نے اس شہر اور لیاری کے لیے بہت سے کام کیے، اب بھی کئی شعبوں میں کام کرنے کی گنجائش موجود ہے، ہمارے نمائندے محنت کر رہے ہیں۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے پورے پاکستان میں تمام صوبائی حکومتوں سے زیادہ توجہ کھیلوں پر دی ہے، کھیلوں کی ترقی میں صف اول کا کردار لیاری والوں کا ہے، یہی لیاری والے آمروں کے کوڑے کھانے، سیاسی بالادستی کی جدوجہد میں ہمیشہ آگے رہے ہیں، یہاں شہری حکومت کے کام بھی سب سے زیادہ ہونے چاہئیں۔

 بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم وزیراعلیٰ سندھ سے کہیں گے، پورے صوبے، کراچی اور لیاری پر توجہ دیں، آپ کی اور آپ کی حکومت کی محنت کی وجہ سے کراچی میں پہلی بار ایک جیالا میئر بنا ہے، جب کہ یہ پوری جماعت کی کامیابی ہے لیکن صف اول کا کردار پھر بھی لیاری والوں کا ہے۔