کومل اسلم: دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور ریسٹورانٹس کے اوقات پر عائد پابندی ختم کر دی گئی۔
ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورانٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کے اوقات پر عائد کی جانے والی پابندی کو واپس لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حالیہ ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ "اب دکانیں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور ان پر کوئی وقت کی پابندی نہیں ہو گی۔"
اس فیصلے کا فوری طور پر لاہور اور ملتان میں اطلاق ہو گا جبکہ تمام متعلقہ محکموں کو اس حکم سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں، شہریوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے فضائی آلودگی کی سطح میں اضافے کی بنا پر دکانوں اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کے اوقات پر پابندیاں عائد کی گئی تھی تاہم اب ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کے باعث ان پابندیوں کو ختم کردیا گیا ہے۔