سٹی42: انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی کے رہنما و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور راجہ بشارت کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی جس کے بعد دونوں رہنماؤں کو رہا کردیا گیا۔
اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے درخواستِ ضمانت پر سماعت کی تھی،عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت کے باوجود کیوں گرفتار کیا؟
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور راجہ بشارت سمیت پی ٹی آئی کے 5 رہنماؤں کو راولپنڈی پولیس نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔
عمر ایوب، راجہ بشارت، احمد ناصر چٹھہ پر تھانہ انجرا اٹک اور تھانہ حسن ابدال میں مقدمات درج ہیں۔
راجہ ماجد دانیال اور ملک عظیم کو تھانہ دھمیال کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا،پانچوں رہنماؤں کے خلاف 24 نومبر کے احتجاج پرمقدمات درج کیے گئے تھے جن میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، کار سرکار میں مداخلت، پولیس پر حملے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔