راؤ دلشاد/ردنایاب: میجر شبیر شریف شہید نشانِ حیدر کا 53واں یومِ شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا میجر شبیر شریف شہیدکے 53ویں یوم شہادت پر حروف عقیدت، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا میجر شبیر شریف شہید نے جرآت و بہادری اعلیٰ مثال قائم کی۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا میجر شبیر شریف شہید عزم و جرأت کی مثال بن کر زندہ ہیں۔
دوسری جانب لاہور کےمیانی صاحب قبرستان میں شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پروقار تقریب منعقد کی گئی، جی او سی لاہور میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
میجر شبیر شریف شہید کی یونٹ کے غازیوں اور ہمشیرہ نے بھی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں، پاک فوج کے چاق و چوپند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی پیش کی۔
یاد رہے کہ میجر شبیر شریف شہید نے 1965ء کی جنگ میں بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا، 1971ء کی پاک بھارت جنگ میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر میجر شبیر شریف کی کمان میں سکس ایف ایف رجمنٹ نے دشمن کی فوج کو تہس نہس کر ڈالا۔
قوم کے بہادر سپوت نے 6 دسمبر 1971ء کو جام شہادت نوش کیا، میجر شبیر شریف واحد شخصیت ہیں جنہیں نشانِ حیدر اور ستارہ جرات سے نوازا گیا، میجر شبیر شریف شہید سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی اور میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے بھانجے تھے۔