پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تقریب "پاکستان بیت  المال ایٹ اے گلانس" کا انعقاد

6 Dec, 2023 | 09:05 PM

اویس کیانی :  پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تقریب بعنوان "پاکستان بیت  المال ایٹ اے گلانس" کا انعقادہوا۔

تفصیلات کے مطابق یہ پروگرام فاطمہ جناح  ایف نائن پارک  مہران گیٹ کے قریب واقع ایوان قائد میں ترتیب دیا گیا تھا جو صبح دس بجے سے لے کر شام چار بجے تک جاری رہا۔ اس تقریب میں مختلف سٹالز  کے ذریعے غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان بیت المال کی کاوشوں اور اس کے تمام پراجیکٹس کی نمائش کا اہتمام کیا گیا جن میں پاکستان بیت المال ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز، چائلڈ لیبر بحالی مراکز،  پاکستان سویٹ ہومز، انفرادی مالی امداد برائے میڈیکل، ایجوکیشن،  شیلٹر ہومز وغیرہ کے سٹالز بھی شامل تھے۔  جبکہ اس سلسلے کی مرکزی تقریب ایوان قائد میں واقع ہال میں ہوئی۔

تقریب میں پاکستان بیت المال سویٹ ہومز اور چائلڈ لیبر بحالی مراکز کے بچوں نے معزز مہمانوں کے سامنے مختلف ٹیبلوز، ڈرامے، تقریریں، کلچرل پرفارمنس، علاقائی رقص اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔  اس تقریب میں میڈیا نمائندگان، سفارت کاروں، پارلیمنٹیرین، ملٹی نیشنل کمپنیز، نیشنل اور انٹرنیشنل این جی اوز کے نمائندوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیاتھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے سامعین اور مہمانوں کو بتایا کہ اس  پروگرام کا بنیادی مقصد مخیر حضرات، عطیہ دہندگان، بین الاقوامی این جی اوز، سفارتی مشنز، ملٹی نیشنل کمپنیز اور دیگر ڈونر ایجنسیز کو پاکستان بیت المال کی غربت کے خاتمے کیلئے جاری پروگراموں اور سرگرمیوں کو مارکیٹ کرنا تھا تاکہ شراکت داری اور تعاون کے نئے پہلوؤں پر کام کیا جاسکے اور ڈونرز کو ادارے کی افادیت اور کارکردگی سے روشناس کرایا جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ پروگرام کا مقصد حکومت پاکستان کے بیت المال کیلئے متعین بجٹ میں اپنی مدد آپ کے تحت ڈونرز کی شراکت سے مزید اضافے اور خود انحصاری کی طرف پیش قدمی بھی اس پروگرام کے مقاصد کا ایک اہم ایجنڈا تھا۔

منیجنگ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ اپنے محدود وسائل اور خدمات کی سرگرمیوں کی وسعت کے پیش نظر پاکستان بیت المال مختلف اداروں کے ساتھ شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے تاکہ سوشل سیفٹی کے دائرہ کار کو مزید پھیلایا جا سکے اور غربت میں کمی کے چیلنج سے نمٹا جا سکے۔ اس موقع پر آنے والے مہمانوں نے پاکستان بیت المال کی کاوشوں کو سراہا اور منیجنگ ڈائریکٹر کے آٹومیشن،  ڈیجیٹلائزیشن اور ادارے میں شفافیت لانے کے دیگر اقدامات کی تعریف کی اور مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پاکستان بیت المال کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں بھر پور تیاریاں کی تھیں اور مختلف افسران کوپروگرام کے سلسلے میں فرائض سونپے گئے تھے۔

تقریب میں ترکش ایمبیسیڈر پروفیسر ڈاکٹر مہمت پاکاشی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن آف جاپان ایتو تیکاشی، ٹیکا کے ریجنل ہیڈ محسن بلچی، ترکش ریڈ کریسنٹ ارگسٹ لمکا، انڈونیشین ہائی کمیشن کے نمائندے، شہروں کے چیمبر آف کامرس، آل پاکستان چائنیز انٹرپرائز  اینڈ ایسوسی ایشن سے عروبہ سلیم اور شیرون وانگ، ہان رومے، جی اینڈ زیڈ سے کمپنی کے نمائندوں، مسلم ایڈ سے مس کشمالہ، قطر چیریٹی سے امین عبدالرحمن، برٹش ایمبیسی کے نمائندوں، سید سہیل عباس منسٹر ہیلتھ اینڈ لا جی بی گورنمنٹ، دیدار ملک سیکرٹری ہیلتھ جی بی گورنمنٹ، نثار احمد راجپوت ڈپٹی چیف سوشل ویلفیئر سیکشن منسٹری آف پلاننگ کمیشن اور دیگر مختلف سفارتی مشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ جڑواں شہروں کی مختلف یونیورسٹیوں بشمول شہید زوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، بحریہ یونیورسٹی،  نمل یونیورسٹی اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے بھی بطور رضاکار پروگرام میں شرکت کی۔

 مزید براں ایم ڈی نے پروگرام میں آنے والے تمام معزز مہمانوں اور سٹیک ہولڈرز کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں