ویب ڈیسک: ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 9 ہزار 4 سو سے زائد کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق گذشتہ روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں 9 ہزار 4 سو سے زائد کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی، کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف 15 سو سے زائد ایف آئی آر درج کروائی گئیں۔ 11 نومبر سے تاحال صوبے کے تمام اضلاع میں کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس والوں کے خلاف 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد چالان کئے گئے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں کم عمر ڈرائیورز بغیر لائسنس والوں کے خلاف 27 ہزار 500 سے زائد مقدمات درج ۔ 61 ہزار 600سے زائد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا ۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی بلا امتیاز جاری رہے گی ۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس افسران اور ڈی پی اوز کو بلا تفریق کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سڑکوں پر گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والے کم عمر ڈرائیورز کسی رعایت کے مستحق نہیں، بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے والوں کو ڈرائیونگ کا کوئی حق حاصل نہیں، ون ویلرز اور ریسنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے ۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران اس حوالے سے کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کرتے ہوئے رپورٹس باقاعدگی سے ٹریفک ہیڈ کوارٹر بھجوائیں۔