سرکاری کالجز، یونیورسٹیز اساتذہ کیلئے بڑی خوشخبری

6 Dec, 2021 | 08:08 PM

M .SAJID .KHAN

(اکمل سومرو)یونیورسٹیوں میں اساتذہ کی پروموشن پالیسی لاگو کرنے کا مسودہ تیار، پی ایچ ڈی کرنے پر لیکچررز کو فوری طور پر اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی ملے گی، دوسری جانب سرکاری کالجوں کی خواتین اساتذہ کی گریڈ 20 میں ترقی کی منظوری دے دی گئی۔

 یونیورسٹیوں میں اساتذہ کی پروموشن پالیسی لاگو کرنے کا مسودہ تیار کیا گیا ہے۔ سٹی42کو موصول ہونے والی پالیسی دستاویز کے مطابق یونیورسٹیوں کے اساتذہ اپنی پروموشنکے لئے از خود درخواست دینے کے مجاز ہوں گے ۔

پی ایچ ڈی کرنے پر لیکچررز کو ایڈہاک پر تعینات کرنے کی بجائے فوری طور پر اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی ملے گی۔ ایم فل ڈگری کے ساتھ چار سالہ تدریسی تجربہ کے حامل اساتذہ اسسٹنٹ پروفیسر کیلئے اہل ہوں گے۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر کے عہدے پر پروموشن کے لئے تدریسی سروس کی مدت 6 برس مقرر ہوگی۔

پروفیسر  کے لئےدس سالہ پوسٹ پی ایچ ڈی تجربہ یا 15 سالہ تدریسی تجربے کی شرط لگانے کی تجویز ہے۔ پروفیسر کے عہدے پر ترقی کیلئے 10 تحقیقی مقالہ جات کی اشاعت کی شرط ہوگی۔

دوسری طرف  سرکاری کالجوں کی خواتین اساتذہ کی گریڈ 20 میں ترقی کی منظوری دی گئی ہے۔ صوبائی پروموشن بورڈ نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی سفارشات پر ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی ترقی منظور کی۔ کالجوں کی خواتین ایسوسی ایٹ پروفیسرز کو گریڈ 20 میں ترقی دینے کی منظوری ہوئی۔

صوبائی پروموشن بورڈ نے سنیارٹی نمبر 39 تک کے اساتذہ کی فل پروفیسر کے عہدوں پر ترقی منظور کی ہے۔ ترقی پانے والی خواتین اساتذہ کالج سروس سے ریٹائرمنٹ کی رینج میں تھیں۔ ریٹائرمنٹ سے قبل ہی اساتذہ کو 20 ویں گریڈ میں ترقی دی گئی۔

مزیدخبریں